ہمت ہے تو قتل کی واردات والا مکان خریدیے

270

امریکا میں ایسے مکانات کی قیمت غیر معمولی حد تک گر جاتی ہے جن میں قتل یا خود کشی کی واردات ہوئی ہو۔ لوگ ایسے مکانوں میں رہتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ برطانوی اخبار گارجین کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کی متعدد ریاستوں میں ایسے مکانات خاصی کم قیمت پر دستیاب ہیں جن میں رہنے سے لوگ گھبراتے ہیں۔

گارجین لکھتا ہے کہ بہت سے لوگ مہم جُو مزاج کے بھی ہوتے ہیں اور اس بات کی پروا نہیں کرتے کہ وہ جو مکان رہنے کے لیے خرید رہے ہیں اُس میں پہلے کون سا سنگین جرم ہوچکا ہے۔ وہ اپنے حواس پر قابو پاتے ہوئے ایسے مکانات خریدتے اور اِن میں رہتے ہیں۔

امریکا کی بعض ریاستوں میں یہ قانون موجود ہے کہ اگر کسی مکان میں کسی کو قتل کیا گیا ہو یا کسی نے خود کشی کی ہو تو اُس مکان کو فروخت کرتے وقت بیچنے والا متوقع خریدار کو مکان کی تاریخ سے اچھی طرح آگاہ کرے گا، قتل کے بارے میں بتائے اور دیگر سنگین جرائم پر بھی مطلع کرے گا۔

چند ایک ریاستوں میں یہ قانون اِس طور موجود ہے کہ جس مکان میں قتل اور کوئی اور سنگین واردات ہوئی ہو اُس کے بارے میں بیچنے والا اُسی وقت کچھ بتائے گا جب خریدار اُس سے اس سلسلے میں کچھ پوچھے گا۔

بہت سے منچلے قتل یا خود کشی کی واردات والے مکان اس لیے خریدتے ہیں کہ وہ بھوت پریت پر اور کسی چیز کے منحوس ہو جانے پر یقین نہیں رکھتے۔ ایسے لوگ واردات والے مکانوں کی خریداری میں دلچسپی اس لیے بھی لیتے ہیں کہ یہ مکان بہت کم قیمت پر مل رہے ہوتے ہیں۔