خیبر پختونخوا میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

272

پشاور : خیبر پختونخوا میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کے استعمال سے منع کیا گیا ہے۔

اس ہدایت نامے میں تمام رینک کے افسران اور اہلکاروں کو ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے۔

اس خط میں سختی سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد کی تاکید کی گئی ہے، جس کے تحت وردی، اسلحہ، پولیس بیج یا دیگر شواہد کو ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپلوڈ کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔

خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ بہت سے پولیس اہلکار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ہیں، اور اس پر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو محکمانہ کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا کا استعمال محکمہ پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور دیگر اہلکاروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔