اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ہونے والے آج کے اہم اجلاس کا وقت تبدیل کرکے ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11:30 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم اب شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب قومی اسمبلی کا اجلاس 11:30 بجے کے بجائے شام 4 بجے ہوگا۔
آج کے قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں دو توجہ دلاؤ نوٹس کے علاوہ وقفہ سوالات بھی شامل ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر شکریہ ادا کرنا بھی ایجنڈے میں شامل ہے، جبکہ ارکان کی جانب سے اعتراضات اٹھانے کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
حکومت کا مجوزہ آئینی ترمیمی بل ممکنہ طور پر ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیا جا سکتا ہے۔ آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کردار اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چند دنوں میں مولانا فضل الرحمان سے دو بار ملاقات کی، جبکہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی جے یو آئی (ف) کے سربراہ سے ملاقات کی اور ان سے آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔
اس کے علاوہ، پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے بھی گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کے علاوہ سینیٹ کا اجلاس بھی آج شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔