تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس میں عام انتخابات سے قبل کریک ڈاؤن میں اپوزیشن کے درجنوں ارکان گرفتار کرلیے گئے۔ تیونس کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی النہضہ تحریک کے تقریباً 80 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملک میں 6اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کی مہم کا باقاعدہ آغازہوگیا ہے،جب کہ صدر قیس سعید مخالفین کو پابند سلاسل کرکے جیت کی راہ ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ حکومت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈوں کے استعمال پر عوام شدید برہم ہیں اور ہفتے کے روز اپوزیشن کی کال پر دارالحکومت میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ۔ اپوزیشن جماعتیں اور انسانی حقوق گروپ صدر قیس سعید پر انتخابات میں پابندیوں اور دھمکیوں کا الزام لگا رہے ہیں۔ اپوزیشن ارکان کی گرفتاریاں دارالحکومت میں ہزاروں افراد کے احتجاج کے بعد عمل میں آئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صدر 6 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کو متنازع بنا رہے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ مخالفین کو حراست میں لینے کو انتخاب میں دھاندلی کے مترادف قرار دیا۔واضح رہے کہ 2 سال کے دوران ملک میں ہونے والا یہ سب سے بڑا احتجاج تھا۔