بڑی جسامت کی حامل 17 کلو وزنی بلی کا ماہرین نے نام ہی سرپرائز رکھ دیا

284

ماسکو:روس میں ایک غیر معمولی سائز کی جسامت کی 17 کلو وزنی بلی کو دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، جس پر ماہرین نے اس کا نام ہی سرپرائز رکھ دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق روس میں ایک اسپتال کے اندر لوگوں کی نظر اچانک ایک غیر معمولی جسامت کی حامل بھاری بلی پر پڑی، جس کا وزن حیران کن طور پر کم و بیش 17 کلو ہے۔

جانوروں پر تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر بلیوں کا وزن 2.7 سے 4.5 کلو گرام تک ہوتا ہے اور کچھ خاص اقسام یا نسل کی بلیوں میں یہ وزن بہت زیادہ بڑھ کر 12.5 کی انتہا تک پہنچ جاتا ہے لیکن روس میں اسپتال سے ملنے والی اس بلی کا وزن 17 کلو دیکھ کر سب کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔

پرم نامی روسی اسپتال سے ملنے والی اس بلی کو جانوروں کا خیال رکھنے والے ماہرین نے چند روز قبل اپنے پاس رکھ لیا جہاں اس کا کروشک نام رکھا گیا، جس کا مطلب  حیران کن یا سرپرائز ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نام بلی کی دلچسپ عادات کو دیکھتے ہوئے رکھا گیا ہے، مثلاً یہ کھانا بہت زیادہ کھاتی ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر جانوروں کا خیال رکھنے والے ادارے کی جانب سے اس منفرد بلی کی وڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ بہت نایاب بلی ہے اور عین ممکن ہے کہ یہ بلی دنیا میں اس وقت موجود 5 موٹی ترین  بلیوں میں سے ایک ہو۔