بیجنگ:چینی ماہرین نے نیند کی غیر صحت مند عادات کے بارے میں خدشات ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کو نیند کے معیار کو بہتر بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ رات میں جلدی سونے سے انسان بہت سی بیماریوں سے بچ جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی ایک ریسرچ سوسائٹی نے نیند کے حوالے سے ایک تحقیق کی، جس میں بتایاگیا ہے کہ 29 فیصد لوگ رات 11 بجے سے پہلے سونے کی عادی ہوتے ہیں، کالج اور یونیورسٹی کے طلبا روزانہ اپنے موبائل فون پر کافی وقت گزارتے ہیں اور بہت دیر تک جاگنے کا رجحان رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے نوجوان نسل میں اعصابی کھینچاؤ سمیت دیگر اعضا میں درد کی شکایت رہتی ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ صرف نیند کا دورانیہ کافی نہیں ہے بلکہ نیند کا معیار، گہرائی اور تسلسل بھی اہم عوامل ہیں جبکہ بہتر نیند ہمارے جسم کے مدافعتی افعال کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینے والے افراد کو سونے سے پہلے سگریٹ نوشی نہیں کرنی چاہیے، کام کرنے والے افراد باقاعدہ شیڈول بناتے ہوئے اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں۔