2018 اور 2024 کے انتخابی نتائج کیلیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، شبلی فراز

167
opposition is being walled up

اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے مطالبہ کیا ہے کہ سینیٹ میں ایک مشترکہ قرارداد لاکر 2018ء اور 2024ء کے انتخابات کے نتائج کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا جانا چاہیے جو 2018 اور 2024 کے الیکشن کے نتائج کو دیکھ کر اپنا فیصلہ دے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں جو قانون سازی آج آپ کررہے ہیں وہ کل آپ کے بھی خلاف جا سکتی ہے۔ہم اس کی مخالفت اس لیے کررہے ہیں کیوں کہ یہ عوام کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے نہ کریں جن سے مستقبل میں آپ کو ندامت اٹھانی پڑے۔ تحریک انصاف کا راستہ بند کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، لیکن جو مرضی اعداد و شمار کے ساتھ ہیر پھیر کرلیں، پھر بھی مہنگائی کو کم نہیں کر پا رہے بلکہ ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی فکر تھی تو کنٹینرز لگا کر راستے کیوں بند کیے گئے؟ پختونخوا اور پنجاب سے آنے والی سڑکوں کو بند کرکے قافلوں کو کیوں روکا گیا؟ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں آئیں اور خیبر پختون خوا میں جلسہ کرکے دکھائیں، جس کے لیے تمام سہولیات اور پیسے بھی ہم دیں گے،  آپ 10 لوگ بھی اکٹھے نہیں کر سکیں گے۔