چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین گرفتار، زرتاج گل فرار

240

اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، رہنماؤں شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کوگرفتار کرلیا گیا جب کہ زرتاج گل فرارہو گئیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہوا تو پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود تھی، اس موقع پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ایوان سے باہر آتے ہی شیر افضل مروت کو حراست میں لے لیا، اس موقع پر ان کے ساتھیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، تاہم پولیس نے شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو بھی ان کے دفتر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔اسی اثنا میں بیرسٹر گوہر پارلیمنٹ ہاؤس میں رکے رہنے کے بعد باہر آئے تو انہیں بھی پولیس کی جانب سے حراست میں لے کر تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا گیا۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گئیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اور عمر ایوب کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ شیر افضل مروت کو گزشتہ روز سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں کی جانے والی روٹ اور معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کے علاوہ اسلام آباد پولیس پر حملے، اوقات کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقریر سمیت دیگر غیرقانونی خلاف ورزیوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔