سُورت میں گنیش پنڈال پر پتھراؤ سے کشیدگی، پولیس کی بھاری نفری تعینات

192

بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے شہر سُورت میں گزشتہ شب گنیش پنڈال پر پتھراؤ کے نتیجے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اُسے شکایت ملی کہ چند بچوں نے پنڈال پر پتھراؤ کیا ہے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 بچوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ساتھ ہی اُنہیں اُکسانے والے 27 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ واقعہ سُورت کے مسلم اکثریتی علاقے سید پورہ میں رونما ہوا۔ اس علاقے میں ہندوؤں کے تہوار گنیش چترتھی کے سلسلے میں ایک بڑا پنڈال لگایا گیا تھا۔ پنڈال میں پوجا جاری تھی کہ چند بچوں نے پتھراؤ کردیا۔ علاقے کی پولیس کو فوری طور پر الرٹ کیا گیا جس نے بھارتی نفری تعینات کرکے صورتِ حال پر قابو پایا۔ لوگوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔

ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو گنیش پنڈال کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ریاستی اسمبلی کے مقامی رکن اور اعلیٰ پولیس حکام نے صورتِ حال کی نگرانی جاری رکھی ہے تاکہ پتھراؤ کا یہ واقعہ کسی بڑے فساد میں تبدیل نہ ہو۔