اسلام آباد: چیئر پرسن پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن و حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، کشمیر کا مقدمہ انٹرنیشنل فورم پر لانا چاہئے۔
قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے امور کشمیر کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ آج کشمیر کمیٹی کا دوسرا اجلاس تھا، ایک کمیٹی ہیومن اور ایک لاء کے اوپر بنائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی قیادت اس وقت جیلوں میں ہے یا قتل کر دیا گیا ہے، ہماری قیادت اور نوجوان اس وقت گرفتار ہیں، ہم اپنی حریت قیادت کے ساتھ ہیں، میڈیا بڑھ چڑھ کر انڈیا کو ایکسپوز کرے، تمام گرفتار قیادت اور نوجوانوں کو رہا کیا جائے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یو کے میں بہت سے کشمیریوں نے الیکشن جیتے ہیں، ہم یوتھ کو ایجوکیٹ کر رہے ہیں، ہم سب متفق ہونگے تو کشمیر آزاد ہوگا، یاسین ملک کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے، 15 ستمبر کو کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔