کیا آپ نے کبھی 7 فٹ لمبا آئی فون دیکھا ہے؟

257

دنیا بھر میں اربوں افراد اسمارٹ فونز استعمال کررہے ہیں جن میں بہت بڑی تعداد آئی فون کے صارفین کی ہے، تاہم اب  تک اسمارٹ فون اس حد تک کے سائز میں بنائے گئے ہیں جسے انسانی ہاتھ سے آسانی سے پکڑ کر استعمال کیا جا سکے۔

عام موبائل فون کے سائز کے مقابلے میں کیا آپ نے کبھی تقریباً 7 فٹ لمبا موبائل فون دیکھا ہے؟ اگر نہیں تو ایک ایسا فون بھی دنیا میں موجود ہے جو عام  فونز کے مقابلے میں کم و بیش 100 گنا لمبا ہے اور اس میں تمام قابل استعمال فیچرز بھی موجود ہیں۔

میتھیو پرکنس اور ارون مینائی (2 یو ٹیوبرز) کی جانب سے آئی فون 15 پرو میکس کی ایک ایسی  انوکھی اور حیرت انگیز کاپی تیار کی گئی ہے، جو اصل فون کی طرح کام کرتی ہے تاہم اس کی لمبائی 6.74 فٹ ہے اور اس کا وزن بھی تقریباً 200 کلوگرام ہے۔ اس حیرت انگیز ڈیوائس کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا سب سے بڑا موبائل فون قرار دے دیا ہے، جو قابل استعمال ہے۔

اس دلچسپ فون کی اسکرین کے لیے 88 انچ کے ایک او ایل ای ڈی ٹی وی کا استعمال کیا گیا ہے، جس میں ریسپانسیو ٹچ اسکرین کا آپشن دستیاب تھا اور اس مقصد کے لیے اسکرین کے حجم کے ٹچ فوائل کے ٹکڑے کو استعمال کیا گیا۔

اس کے بعد فون کے حجم کے مطابق پرزہ جات جیسے اسپیکرز، تھری لینس کیمرا ٹرے، والیوم اور پاور بٹنز وغیرہ کو فریم میں نصب کیا گیا۔ یہ فون کا فریم المونیم سے تیار کیا جب کہ کیمرا سیٹ اپ کے لیے ڈیجیٹل کیمروں کو استعمال کیا گیا تاکہ آئی فون 15 پرو میکس کے ٹیلی فوٹو لینس کی نقل کی جاسکے۔

فریم کے نیچے پہیوں سے بنے اسٹینڈ کو استعمال کیا گیا تاکہ فون اس پر کھڑا کیا جاسکے اور اسے آسانی سے ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکے۔

حقیقی آئی فون کے مقابلے میں ایک چیز اسے مختلف بناتی ہے، یعنی آپریٹنگ سسٹم، یو ٹیوبرز نے اس میں آئی فون کی نقل جیسا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا ہے۔ اس فون کی تیاری میں 70ہزار ڈالرز کے اخراجات آئے ہیں اور لندن کی گلیوں میں اسے لوگوں کے لیے نمائش کے لیے رکھا جا رہا ہے۔