پاور سیکٹر گردشی قرضہ: حکومت کی آئی ایم ایف کو ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کی یقین دہانی

189

اسلام آباد:حکومت نے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کنٹرول کرنے  کے لیے آئی ایم ایف کو ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کی یقین دہانی کرادی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع  کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2024-25 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ مزید 100  ارب روپے بڑھ جائے گا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کیے گئے پلان کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 200 ارب روپے سے بڑھ چکا ہے اور جون 2025ء تک یہ 25 سو 50 ارب روپے سے بھی بڑھ جائے گا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کنٹرول نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرض 25 سو ارب روپے سے تجاوز نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس پر حکومت نے آئی ایم ایف کو پاور سیکٹر کا گردشی قرض کنٹرول کرنے کے لیے ٹیرف ایڈجسٹمنٹس بروقت کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں بھی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیے گئے پلان کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2310 ارب پر کنٹرول کرنا تھا تاہم حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی تھی۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط کے مطابق گردشی قرض کنٹرول نہ ہوا تو قرض معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔