اسلام آباد:وزیراعلیٰ کے پی کے علی گنڈاپور کی جانب سے صحافیوں سے متعلق نامناسب اور قابل اعتراض باتیں کرنے پر پی ٹی آئی سینئر قیادت کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگ لی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز پارٹی جلسے میں صحافیوں سے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے، جس پر آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں صحافیوں کی جانب سے احتجاجاً بائیکاٹ کیا گیا، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں کے پاس جاکر غیر مشروط معافی مانگی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری صحافی برادری ہمارے لیے قابل احترام ہے، علی گنڈاپور کی جانب سے نامناسب الفاظ پر ہم غیر مشروط معافی مانگتے ہیں، انہوں نے وضاحت دی کہ علی گنڈاپور کی بات کسی ایک دو صحافیوں سے متعلق تھی۔
دریں اثنا قومی اسمبلی میں بھی پارلیمانی رپورٹرز کی جانب سے اجلاس کا بائیکاٹ کیا، جس پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ساتھ میڈیا گیلری گئے اور صحافیوں سے غیر مشروط معافی مانگی۔ عمر ایوب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور علی گنڈاپور کی جانب سے معذرت قبول کی جائے۔
اس موقع پر پارلیمانی صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی معافی پر خود علی امین گنڈا پور سے معذرت کا مطالبہ کیا۔