ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، ٹیکس ادا کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، وزیرخزانہ

213

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، ٹیکس ادا کیے بغیر ترقی کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک عوام کا اعتماد بحال نہ ہو جائے۔ نجی شعبے کو اس حوالے سے آگے بڑھ  کر ملک کو لیڈ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں کرنسی مستحکم نظر آ رہی ہے جب کہ مہنگائی کم ہوکر سنگل ڈیجیٹ پر پہنچ گئی ہے۔ ملک میں برآمدات کے شعبے میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے اور اگر ہم ادارہ جاتی اصلاحات لے آئے تو یہ آئی ایم  ایف کا آخری پروگرام ثابت ہوگا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران شبلی فراز کی جانب سے پوچھا گیا کہ  ٹیکس کلیکشن میں شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے حکمت نے کیا حکمت عملی بنائی ہے، جس پر وزیرخزانہ نے بتایا کہ نجی شعبے کا کریڈٹ ہاف ٹریلین بڑھا ہے، وزیراعظم نے واضح کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں، یہ کام پرائیویٹ سیکٹر کو کرنا ہے۔ حکومت کو فسکل ڈسپلن دکھانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد بحال ہونے تک آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ ایف بی آر کی ڈیجٹلائزیشن سے ہے، یہ ممکن نہیں کہ ٹیکس ادا کیے بغیر آپ ترقی کریں۔ ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، اس کے لیے ٹیکس ادا کرنا ہوں گے۔