راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ربیع الاول کے مہینے کو تعلیمی آگاہی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل وچیئرمین اکیڈمک اسکالرشپ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سیدوقاص جعفری نے کہاکہ محمدعربیﷺ کو معلم کائنات بناکردنیا میں بھیجا گیا۔ الخدمت سال بھرتعلیم سمیت دیگرشعبوں میں مستحقین اورمتاثرین کی خدمت کاسلسلہ جاری رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی مہربانﷺ کی دنیا میں آمد کے ماہ مبارک ربیع الاول کو خصوصی طورپرتعلیم کی آگاہی کے طورپرمنایاجاتاہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی بچہ اور نوجوان تعلیم سے محروم نہ رہے، اس خواہش کی تکمیل کے لیے اہل خیرتعاون کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں طلبہ کو اعلی تعلیم کے لیے الخدمت اکیڈمک اسکالرشپس فراہم کی جاتی ہیں۔
الخدمت اب تک 5ہزار 411بچوں کو 53کروڑ 61لاکھ روپے کی اسکالرشپس فراہم کرچکی ہے۔ رواں سیشن میں 1174طلبہ وطالبات کو 9کروڑ 92لاکھ روپے کی اسکالرشپس فراہم کی گئی ہیں۔ اسکالرشپس کا میرٹ مستحق مگرذہین طلبہ وطالبا ت ہیں لیکن اس میں مذہب،مسلک،علاقے کی کوئی قیدنہیں پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے طلبا کوبھی اسکالرشپس دی جاتی ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہاکہ ا لخدمت اکیڈمک اسکالرشپس فراہمی کاتمام عمل شفاف پراسس کے تحت مکمل کیا جاتاہے اور طلبا کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اسکالر شپس فراہمی کے بعد پورا سال طالب علم کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیاجاتاہے۔
انہوں نے اہل خیرخواتین وحضرات سے اپیل کی کہ ماہ ربیع الاول میں اپنے حصے کی شمع روشن کرتے ہوئے مستحق طلبا کی معاونت کا ذریعہ بنیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معلم ِانسانیتﷺکی سیرت پر عمل کرکے وطن عزیز میں علم کے دیے جلاکرہر سو علم کی روشنی پھیلائی جاسکی۔