اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ( کے پی کے ) علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے بتایا کہ ان کے کیسز ختم ہو چکے ہیں، ایک سے دو ہفتے میں قانونی طور پر بانی پی ٹی آئی رہا نہ ہوا خدا کی قسم تو ہم بانی پی ٹی آئی کو بھی خود رہا کریں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہو گا اور کوئی رکاوٹ بنا تو میرے پاس بھی کئی لوگوں کے کیسز پڑے ہیں، ان سب کو ہتھکڑیاں لگا کر گھسیٹوں گا، پختونخوا میں بانی پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہاکہ قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے، این او سی ہونہ ہواگلا جلسہ لاہور میں ہوگا، خواجہ آصف کہہ رہا تھا کہ جنرل فیض حمید نے ریٹائرمنٹ کے بعد رابطے رکھے، کیا جنرل فیض حمید ہمیں جہیز یا وراثت میں ملا تھا؟ تمہارا جنرل تھا، اپنا ادارہ ٹھیک کرو، اپنے جرنیل ٹھیک کرو، جنرل فیض کو ڈی جی آئی ایس آئی کیا ہم نے بنایا تھا؟ غلط کرکے ہمارے کھاتے میں اور اچھا کرے تو تمہارے کھاتے میں، اپنے ادارے کی اصلاح کرو، اگر تم نے فوج کو ٹھیک نہ کیا تو ہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مینڈیٹ چورو ہم سے پنگا مت لینا، پنگا لیا تو تمہارا وہ حال کریں گے کہ تمہیں بنگلہ دیش بھول جائے گا، چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔