جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں ظالم شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو ڈنڈوںسے مار کر قتل کردیا،کرنٹ لگنے سے نوجوان چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقے میرپوربرڑو میں ملزم نے غیرت کے نام پر اپنی بیوی کو ڈنڈوں سے مار مار کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا، حدود کی پولیس کے مطابق میرپور برڑو تھانہ کی حدود گاؤں نور احمد کھوسہ میں ملزم نثار کھوسو نے غیرت کے نام پر اپنی بیوی جمیلہ کو ڈنڈوں سے مار کر قتل کردیا۔اطلاع پر پولیس پہنچی تو ملزم اپنا گھر خالی کرکے فرار ہوگیا تھا ، پولیس نے مقتولہ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ آخری اطلاعات تک واقعے کے مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا نہ ملزم کی گرفتاری عمل میں آسکی ہے۔ جیکب آباد میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق۔ جیکب آباد کے قریب دوداپور کے علاقے میں گھر میں بجلی کا بورڈ بناتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18سالہ نوجوان علی نواز مغیری جاں بحق ہوگیا، نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی نوجوان کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔جیکب آباد میں مسلح افراد نے کونسلر سے گاڑی چھین لی، کیھر برادری کا بے امنی کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنا۔جیکب آباد کے آباد تھانہ کی حدود موچی واہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کونسلر قلندر بخش کھیر سے اسلحہ کے زور پر الٹو گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔واقعے کے خلاف کیھر برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے بے امنی کے خلاف ٹائروں کو نذر آتش کرکے قومی شاہراہ کو کئی گھنٹوں تک بند کردیا جس کے باعث دونوں اطراف سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے بڑھتی ہوئی بے امنی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ بے امنی عروج پر پہنچ چکی ہے آئے روز لوٹ مار، ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں ہورہی ہیں لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کے حالات اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ عوام نہ شاہراہوں پر محفوظ ہیں اور نہ اپنے گھروں میں محفوظ ڈاکو دن دھاڑے سرعام اسلحہ لیکر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور چھینی گئی گاڑی برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔