سکھر،چیئرمین بی اوڈی سیپکو کی زیرصدارت اجلاس

151

سکھر (نمائندہ جسارت) چیئرمین بی او ڈی سیپکو آغا لعل بخش خان کی زیر صدارت بشمول چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو انجینئر سعید احمد ڈاوچ اور سینئر مینجمنٹ سیپکو کی جانب سے 2022ء کے دوران بھرتی ہونے والے جونیئر انجینئرز اور ریونیو افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور ان کو درپیش مسائل پر سیپکو ہیڈ کوارٹر سکھر میں میٹنگ رکھی گئی جس میں تمام افسران کے ساتھ بجلی چوری روکنے کی مہم پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ترجمان سیپکو کے مطابق اس موقع پر جونیئر انجینئرز اور ریونیو افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو کی جانب سے ہمارے ساتھ میٹنگ کرنے سے ہمارے حوصلے مزید بلند اور مضبوط ہوگئے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ سیپکو میں کام کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے جبکہ ہم بجلی چوری روکنے کی مہم میں اپنے فرائض قانون کے مطابق بلا خوف انجام دے رہے ہیں۔دریں اثنا انہوں نے بجلی چوری روکنے کی مہم کے حوالے سے تجاویز اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جنہیں چیئرمین بی او ڈی سیپکو آغا لعل بخش خان کی جانب سے بروقت حل کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور تمام افسران کو سیپکو میں ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے پر مبارکباد بھی دی۔چیئرمین بی او ڈی سیپکو آغا لعل بخش خان نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور بجلی چوری روکنا آپ کا اور ہم سب کا فرض ہے،آئیے بجلی چوری روکنے کی مہم میں اپنا کردار ادا کر کے ملک و قوم کو بڑے معاشی نقصان سے بچائیں۔