سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے اجراء میں تاخیر ، پیچیدگیاں ، انتظامی رکاوٹوں نے مزدوروں کو پریشان کردیا ہے۔ سہولت کار سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ حیدرآباد ، کراچی کا عملہ ’’اندھا بانٹے ریوڑیاں اپنوں اپنوں کو‘‘ کے مصداق اسکیموں کو چلا رہا ہے۔ صوبائی وزیر محنت سندھ حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں۔ یہ باتیں سندھ شوگر ملز ورکرز فیڈریشن کے صدر دودو خان منگریو اور
جنرل سیکرٹری کامریڈ اقبال نے ایک اخباری بیان میں کہیں۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ تمام فلاح و بہبود کی اسکیموں خاص طور پر ڈیتھ گرانٹ ، جہیز گرانٹ ، ہائیر ایجوکیشن کی میرٹ پر اسکروٹنی کے بعد کراچی آفس میں پیچیدہ انتظامی رکاوٹوں کی نذر ہوجاتی ہیں۔ کراچی کے بااختیار افسران کیسز کے التوا کی تحریری آگاہی متعلقہ فیڈریشن کو دیتے ہیں نہ فیکٹری یونین سی بی اے کو نہ ہی متعلقہ مزدور و ان کے ورثاء کو ۔مزدور کی زندگی چاروں اطراف اجیرن کردی گئی ہے۔ ان رہنماؤں نے سیکرٹری سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ سے پرزور مطالبہ کیا کہ حیدرآباد ریجن کے التوا میں پڑے کیسز کے اجراء کو جلد ممکن بنایا جائے بصورت دیگر فیڈریشن احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرے گی۔