محمد اسلم مغل کا پاک شمع اسکول کو اپنی نئی کتاب کا تحفہ

236

پاکستان کے معروف ٹاؤن پلانر اور اقوام متحدہ کے سابق مشیر محمد اسلم مغل نے پاک شمع اسکول قطر کی لائبریری کے لیے اردو زبان میں اپنی نئی شائع شدہ کتاب ’’تیری خاک میں ہے اگر شرار‘‘ کا تحفہ دیا ہے۔
یہ کتاب پاکستان محمد اسلم مغل اور آرٹس سوسائٹی قطر کے جنرل سیکرٹری عدیل اکبر نے اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر ایم اے شاہد کو پاک شمع اسکول کی پرنسپل نبیلہ کوکب اور سینئر فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں پیش کی۔
اصل کتاب انگریزی میں ‘ڈسکہ ٹو یونائیٹڈ نیشنز کے عنوان سے لکھی گئی ہے اس كا انگریزی سے اردو میں ترجمہ اسلم مغل کے قریبی دوست سعید جاوید نے کیا ہے، جو کہ سب سے زیادہ بکنے والي پانچ پبليکیشنز کے مصنف ہیں۔
یہ کتاب اسلم مغل کی سوانح عمری کے ساتھ ساتھ سفرنامہ بھی ہے۔ محمد اسلم مغل کے اہم کاموں میں مکہ المکرمہ، سعودی عرب میں مسجد الحرام کے اطراف کے علاقوں کی از سر نو منصوبہ بندی شامل ہے۔ انہوں نے یہ منصوبہ 17 سال میں مکمل کیا۔
اسلم مغل نے گلشن اقبال پارک، ریس کورس پارک، اور تازگی بخش اور خوبصورت درختوں والی لاہور کینال کو بھی ڈیزائن کیا۔
آرٹس سوسائٹی قطر کے جنرل سیکرٹری عدیل اکبر نے کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف انگریزی سے لفظ بہ لفظ ترجمہ نہیں ہے۔ یہ اصل مخطوطہ میں مصنف کی طرف سے پیش کردہ خیالات کا نچوڑ ہے۔ اس میں ان ممالک کے تاریخی واقعات کو بیان کیا گیا ہے جن کا دورہ اسلم مغل نے اپنی زندگی کے سفر کے دوران کیا۔ یہ انتہائی معلوماتی اور تعلیمی ہے۔
عدیل اکبر نے مزید کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران اسلم مغل سے تین بار ملاقات ہوئی۔ میں نے انہیں پاک شمع سکول قطر کی تعلیمی کامیابیوں اور غیر نصابی کامیابیوں کے طویل سفر کے بارے میں بتایا جو قطر کا سب سے قدیم غیر ملکی اسکول ہے۔