بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن میں 2 امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی۔ فورسز کے آپریشن کے دوران کامیابی سے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں موجود مزید کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔