لاہور:پیرالمپکس گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں برانز میڈل حاصل کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں ہونے والے پیرالمپکس گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے اپنی آخری کوشش میں 52.54 میٹر فاصلے پر ڈسکس تھرو کی تھی، جس میں پہلی تھرو 52.28 میٹر رہی، اس کے بعد دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں کوشش کو فاؤل قرار دے دیا گیا۔
گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کھلاڑی حیدر علی نے ایف 37 کی کیٹیگری کے ایونٹ میں ڈسکس تھرو کا برانز میڈل حاصل کیا۔ اس سے قبل انہوں نے ٹوکیو گیمز میں ڈسکس تھرو میں 52.26میٹر تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔
حیدر علی نے 2008ء بیجنگ گیمز کے لانگ جمپ ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ 2016ء ریو پیرالمپکس گیمز میں برانز میڈل حاصل کیا تھا، جس کے بعد یہ ان کا پیرالمپکس گیمز میں مجموعی طورپر چوتھا میڈل ہے۔
واضح رہے کہ حیدر علی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں سلور میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ایشین پیراگیمز میں 4 گولڈ میڈل کےساتھ 2 برانز میڈلز بھی ان کے نام کے ساتھ درج ہیں جب کہ حیدر علی اس سے قبل پاکستان کے لیے مجموعی طورپر 5 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلزبھی جیت چکے ہیں۔