آپ نے چوری کی بہت سی وارداتوں کے بارے میں ضرور سنا ہو گا اور یہ کوئی انوکھی بات بھی نہیں لیکن آج ہم آپ کو ایک انتہائی انوکھی چوری کی واردات کے بارے میں بتائیں گے۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں چور سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والا سسٹم ہی اٹھا کر لے گئے۔یہ سسٹم جاپان نے پاکستان کے محکمہ موسمیات کو سنہ 2004 میں تحفے میں دیا تھا اور اسے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر لگایا گیا تھا۔پولیس نے چوری کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چور تالے توڑ کر قیمتی بیٹریاں، سولر پلیٹس، کاپر کیبلز، بورڈز اور باکس لے اڑے۔ پولیس اس چوری شدہ سسٹم کی بازیابی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں واقع کباڑ خانوں پر بھی چھاپے مار رہی ہے لیکن ابھی تک اس سسٹم کو ریکور نہیں کیا جا سکا۔