جدہ سیزن: ثقافت کے فروغ کیلئے کلچرڈے اہمیت کا حامل ہے، ثاقب علی خان

568
ثاقب علی خان گفتگو کر رہے ہیں

ثقافت کے فروغ کیلئے کلچر ڈے اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی-1، ثاقب علی خان نے سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام جدہ سیزن کے تحت رنگا رنگ پاکستانی ثقافتی شو میں صحافی سید مسرت خلیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ پروگرام میں پاکستانی فنکارپاکستان کی ثقافت کو اپنی بہترین صلاحتیوں کے ذریعے اجاگرکر رہے ہیں۔ انھوں نے سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کو ایشئن کلچر ڈے پروقار طریقے سے منعقد کرنے پراپنی طرف سے اور قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی طرف سے مبارکباد بھی پیش کی۔ پروگرام میں پاکستان کے مشہورنوجوان گلوکار بلال سعید ، آئیمہ بیگ، سونو ڈانس گروپ، معروف مزاحیہ فنکارکاشف خان و ربیکا خان نے اپنی متاثرکن پرفارمنس سے خوب داد تحسین حاصل کی۔ پاکستانی فنکاروں نے پنجابی ، سندھی، سرحد (کے پی کے) اور بلوچی ثقافت کے لباس زیب تن کر کے اپنے فن کا جادوجگایا۔ عمیرشیخ نے لاجواب صداکاری کے جوہر دیکھائے۔ پاکستان نائٹ اوراندونیشیئن نائٹ کا جمعہ کو جدہ کے نواحی علاقہ میں سابق ریس کورس کے وسیع وعریض گراؤنڈ پرانعقاد ہوا۔ جس میں ہزاروں پاکستانی، سعودی اوردیگرکمیونٹی کے شائقین موسیقی جوش و خروش سے شریک ہوئے۔ ثقافتی شو میں کھانے پینے کے اسٹالزاور بچوں کیلئے تفریحی پروگرام بھی تھے۔ بڑی تعداد میں سیکورٹی کے اہلکار اور رضاکارو ں کی کارکردگی قابل تعریف تھی۔ پروگرام کی سربراہ محترمہ نوشین احمد وسیم اپنی ناسازی طبعیت کے باوجود کلچرل ڈے کے وسیع انتظامات کی دیکھ بھال کے لئے خود موجود تھیں۔ پاکستان نائٹ کے حوالے سے نوشین وسیم نے بتایا کہ جدہ سیزن نے تمام غیرملکی کمیونٹی بشمول پاکستان کےکلچر پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔ حکومت سعودی عرب اور جدہ سیزن کی انتظامیہ یہ چاہتی ہے کہ یہاں برسرروزگار مختلف کمیونٹیز اور انکے اہل خانہ کے درمیان ایک دوسرے کے کلچر سے آشنائی ہو ۔جدہ سیزن کی جانب سے غیرملکی کمیونٹی کیلئے تفریحی شام ایک تحفہ ہے ۔ جسکا لوگ گزشتہ دو سال سے انتظار کررہے تھے۔ دریں اثناء پاکستان کمیونٹی اورشو کے تمام فنکاروں نےخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے ہمیں اپنے ملک کی ثقافت کو روشناس کرانے کا موقع فراہم کیا۔