تحریک انصاف کا الیکشن ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان

262
Amendment Bill in the Supreme Court

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے الیکشن ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جو قانون سازی ہونے جا رہی ہے وہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، ہم اس قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلے ہی آچکا ہے۔

بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھاکہ آپ عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ ماننا غیر آئینی ہے، انہوں نے پہلے بھی این آر او لیا تھا اور نشستیں خود لی تھیں، اب دوسرا این آر او لینا چاہتے ہیں جسے ہم نہیں مانیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری چیف جسٹس سمیت عدلیہ سے گزارش ہے اب فیصلے پر عمل درآمد کروانا آپ کی آئینی ذمہ داری ہے، یہ نشستیں ہماری ہیں اور ہماری ہی رہیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سازی جو اس فیصلے پر عملدرآمد کے خلاف ہو غیر آئینی ہے، ہم اس قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے