نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کردار ادا کرینگے:سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ

220
Will play a role in empowering the youth

اسلام آباد: سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی معترف ہوں، دولت مشترکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کردار ادا کرے گی، نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

ینگ انٹرپرینیورز ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع ، وسائل اور مدد فراہم کرنے میں نمایاں کام کیا ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ملک کے خوشحال مستقبل کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گرم جوش استقبال اور میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کی مشکور ہوں، میں نے پاکستانی لباس پہنا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ میں بھی پاکستانی ہوں،  نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کا کہنا تھا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ کے چارٹرڈ کے مطابق نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ دنیا بھر میں 60 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر کے ہیں جبکہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوانوں کی عمر 30 سال سے کم ہے، پاکستان ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر اور ہنر مند بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے اور یہ نوجوان دنیاکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔