پشاور: گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ نظام کو بہتر اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے عدل و انصاف کا قیام انتہائی ضروری ہے، جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاء کا کردار اہم رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وکلاء نے ہمیشہ ملکی استحکام، ترقی و خوشحالی اورجمہوریت کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے،عوام کو انصاف کی فراہمی میں بھی وکلاء برادری بھرپور کردار اد ا کررہی ہے۔ریاستی نظام کی مضبوطی و استحکام کیلئے وکلاء کا پیشہ ورانہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس پشاور میں تنگی تحصیل بارایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت محمدابراہیم مہمند ایڈوکیٹ کررہے تھے،وفد میں سابق نگران وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ظفراللہ خان ایڈوکیٹ، قاسم علی خان، گل باچا، ناصر خان اوردیگر شامل تھے۔
وفد کے شرکاء نے گورنر کو تحصیل بار ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ تنگی تحصیل بارایسوسی ایشن صوبے کا دوسرا بڑا بارہے۔ گذشتہ دوسالوں سے بار کوصوبائی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی گرانٹ ان ایڈنہیں ملی جس کی وجہ سے بار کومشکلات کا سامناہے۔ انہوں نے گرانٹ کے اجراء کیلئے گورنر سے تعاون کی اپیل کی۔
گورنرنے وفد کومسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ وفاقی حکومت کیجانب سے تنگی بار ایسوسی ایشن کو گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی جلد یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ نظام کو بہتر اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے عدل انصاف کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کا ہر فرد اپنی حیثیت اور ذمہ داری کے لحاظ سے عدل و انصاف کو اپنا لے تو معاشرہ کی اصلاح ہوسکتی ہے اور اس حوالے سے وکلاء برادری پر بھی سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔