امریکا کا  پاک ایران تجارتی معاہدوں کے درمیان ممکنہ پابندیوں کا اشارہ

246

واشنگٹن :امریکا نے ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان ایران تجارتی معاہدوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا پاکستان کے خلاف ممکنہ پابندیوں کا جائزہ نہیں لے رہا۔ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ 20 سال سے پاکستان میں بڑا سرمایہ کار رہا ہے اور اسلام آباد کی معاشی کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم اپنی شراکت کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔ دریں اثناء ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ ​​میں فلسطینی کامیاب ہوکر ابھریں گے اور صہیونی افواج کے خلاف پاکستان کا موقف قابل تعریف ہے۔

ایرانی صدر نے آج لاہور میں مقبرہ اقبال پر حاضری کے دوران کہا کہ فلسطینی فاتح بن کر ابھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کرنے والے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔

صدر نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو ایک نیا راستہ دکھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کی شاعری ایران پاکستان تعلقات میں پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

رئیسی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پاکستان کے اس دورے کے دوران گھر پر ہوں۔ قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔