یومِ پاکستان پر روشن مستقبل کی تعمیرکے مشترکہ مقصد کیلئے تجدید عہد کرنا ہوگا، بلاول زرداری

267
renew commitment

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر امید، حوصلہ،عزم کے ساتھ اور یقین سے آگے بڑھیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے

بلاول بھٹو زرداری نے  قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ کو قوم اپنے بانی اجدادکی دور اندیشی، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک ایسے وطن کے قیام کے لیے انتھک محنت کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہوگا۔

میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے یوم پاکستان کو ملک کے بانیان کی جدوجہداور ترقی کی جانب ہمارے اجتماعی سفر کو سلام پیش کرنے کا دن قرار دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت بانی اجداد کے نظریات بالخصوص بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی پاسداری کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج اس اہم دن کے موقع پر ہم اپنے شہید قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے خوف ہوکر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور اس عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پی پی پی چیئرمین نے ہر پاکستانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر امید، حوصلہ،عزم کے ساتھ اور یقین سے آگے بڑھیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے