بجلی،گیس اورکتنی مہنگی ہوگی؟عوام کے صبرکوکب تک آزمائیں گے؟: نواز شریف

245
people's patience

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کےکہنے پر بجلی اور گیس مزید کتنی مہنگی ہوگی؟ عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیرِصدارت اجلاس ہوا جس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لیے سولر پینل دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے جامع پلان بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں نواز شریف کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کیا جائے، آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اورگیس مزید کتنی مہنگی ہوگی؟ عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسانوں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسا اس پر خرچ ہونا چاہیے۔ کاشت کار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے، آڑھتی اور مل والوں کے استحصال سے کاشت کار کو بچایا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کاشت کار کو جدید مشینری فراہم کریں گے، ڈرِپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیا جائےگا۔ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم آئےگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ مہنگی کھاد بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاگت میں کمی اور فصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔