کابینہ کمیٹی کی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کی منظوری

243

اسلام آباد:کابینہ کی توانائی کمیٹی نے پاک  ایران گیس پائپ منصوبے کے تحت 80 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔

نگراں وزیر توانائی محمد علی کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق پاک،  ایران گیس پائپ منصوبے کے تحت 80 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی، 80 کلومیٹر پائپ لائن پاکستان کے اندر بچھائی جائے گی اور یہ کام ایک سال میں مکمل ہوگا،  پہلے مرحلے میں پاکستان کے اندر ایرانی سرحد سے گوادر تک پائپ لائن تعمیر ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے لیے فنڈز جی آئی ڈی سی سے فراہم کیے جائیں گے، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کے ذریعے سے منصوبے پر عمل درآمد کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 2009 میں معاہدہ طے پایا تھا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت 750 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاکستان کو فراہم کی جائے گی، منصوبے کے تحت 1931 کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جانی ہے جس میں 1150 کلومیٹر ایران اور 781 کلومیٹر پاکستان کے اندر ہوگی۔