اسلام آباد، پشاور، سوات سمیت مختلف شہروں میں زلزلہ

390
shocks in the border

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت، پشاور اور سوات سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ خیر پختونخوا کے علاقوں مہمند، شبقدر ، باجوڑ ،ضلع خیبر ، شمالی وزیرستان اور مردان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیےگئے۔

علاوہ ازیں لوئر دیر، مالاکنڈ اور گردو نواح میں بھی زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیےگئے۔

پنجاب میں  راولپنڈی،  میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چکوال اور گردو نواح میں زلزلےکے جھٹکے محسوس کیےگئے۔

زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکی شدت 4.9 تھی، زلزلے کی گہرائی 142 کلو میٹر  اور اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کےدارالحکومت کابل میں بھی زلزلےکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔