نواز شریف لاڈلوں کی طرح ضد کر رہے کہ مجھے وزیراعظم بناؤ، پلوشہ خان

262

اسلام آباد: پیپلزپارٹی ( پی پی )  کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف تین بار وزیراعظم رہے، تیس سال تک پنجاب میں حکمرانی کرتے رہے ہیں، اس عرصے کے دوران انہوں نے عوام کیلئے  کیا  کیا ہے کہ چوتھی بار بھی لاڈلوں کی طرح ضد کر رہے ہیں کہ مجھے وزیراعظم بناؤ۔

رہنما پی پی  نے کہاکہ نواز شریف کو پہلے بھی تین مرتبہ تو لایا گیا مگر گلے پڑے تو دھکے دے کر نکالے گئے، مریم نواز نے گذشتہ روز اوکاڑہ میں جلسہ کیا مگر اپنی پارٹی کا کوئی منشور دینے کی بجائے غصہ دکھانے اور طعنے دینے کے علاوہ ان کے پاس کوئی لفظ ہی نہیں تھا۔

انہوں نے کہاکہ   ن لیگ کو علم ہی نہیں کہ عوام کے مسائل کیا ہیں؟ الٹا وہ عوام سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ کے مسائل کیا ہیں؟ مسلم لیگ(ن)نے اپنے شیر کو بند کرکے چابی کہیں پھینک دی ہے، نہ اس کا کوئی منشور ہے، نہ کوئی لائحہ عمل اور نہ ہی کوئی سمت۔ نواز شریف کی حکومت نے پہلے  اسٹیل ملز کو تباہ کیا اس کے بعد پی آئی اے پیچھے پڑ گئی۔