عوام ن لیگ کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دینگے، بلاول

316
not disrespect

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام اس بار ن لیگ والوں کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ چاہے یا نہ چاہے، عام انتخابات 8 فروری کو ہر صورت ہوں گے۔ الیکشن سے فرار مسلم لیگ ن کی عادت  بن چکی ہے، سنا تھا لاہور ن لیگ کا ہے مگر یہاں تو کہیں مسلم لیگ ن نظر نہیں آ رہی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عوام ذاتی دشمنی و سیاسی انتقام کی سیاست کو 8 فروری کو دفن کر کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاستدان اور سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے۔ہم دس نکاتی عوامی معاشی معاہدے سےغربت، مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم بنا تو تنخواہیں دگنی، پنجاب میں مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ غریب اور مستحق افرد کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔ نوجوانوں کی مالی مدد کے لیے یوتھ کارڈ لے کر آرہے ہیں، حکومت میں آ کر دن رات محنت کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے، ہم سب کو ساتھ لے کرچلیں گے، ہم پیچھے ہٹنے، گھبرانے اور جھکنے والے نہیں۔