پاک فوج کسی بھی جارحیت کیخلاف ہمہ وقت تیار ہے، آرمی چیف

100
religion

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کے خلاف ہمہ وقت تیار ہے۔

پاک فضائیہ کے آپریشنل ائربیس پر انڈکشن اینڈآپریشنلائزیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہا اور  جدید ترین ویپن سسٹمز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے تکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے حصول پر پاک فضائیہ کی لگن کی بھرپور تائید کی اور اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس پر انڈکشن اینڈآپریشنلائزیشن  کی پروقار تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بیس آمد پر آرمی چیف کااستقبال کیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کردہ نئے ویپن سسٹمز اور دفاعی اثاثہ جات نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے پاک فضائیہ کے دفاعی اثاثوں میں نئے شامل کردہ جے-10 سی لڑاکا طیاروں، ‘سی-130 ایچ’، ایئر بس-319، بوئینگ 737، پائپر ایم-600 اور بی کے اے-350 آئی ایئر موبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت جدید ترین ہتھیاروں کا ایک جائزہ پیش کیا۔