نواز لیگ نے پی پی اور ایم کیو ایم کیساتھ مل کر کراچی پر شب خون مارا، حافظ نعیم

545
added life

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے 1997میں بھی اور گزشتہ سال رجیم چینج کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کراچی کی آبادی پر شب خون مارا اور ایک کروڑ 47لاکھ لوگوں کو کم کر دیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  نواز شریف اہل کراچی کو بے وقوف نہ بنائیں بلکہ یہ بتائیں کہ کئی بار ان کی حکومت رہی انہوں نے کراچی کے لیے کیا کیا؟ لاہور موٹر وے تو 11ماہ میں بنا دی ، کراچی حیدرآباد موٹر وے کیوں نہیں بنائی ؟

انہوں نے کہاکہ گرین لائین کا منصوبہ بھی تاخیر  کا شکار رہا ،آج بھی ادھورا ہے اور نمائش سے آگے کام بند ہے، کے فور منصوبہ اور کراچی سرکلر ریلوے کیوں مکمل نہیں ہو سکے ؟ پیپلز پارٹی کے خلاف باتیں کرنے والے نواز شریف بتائیں کہ کراچی کی میئر شپ پر پیپلز پارٹی کے قبضے میں ان کے 14ووٹ کیوں شامل ہوئے ؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   نواز شریف کراچی میں امن کا کریڈیٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں ، امن تو رینجرز نے قائم کیا ، نواز شریف نے تو کراچی میں جب بھی آپریشن کیے عوام کے خلاف کیے جبکہ مجرموں اور دہشت گردوں سے تو ہمیشہ ڈیل کی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ  کراچی کے عوام 8فروری کو اپنا ووٹ تقسیم نہ ہونے دیں ، ووٹ کا تحفظ کریں ، ترازو پر مہر لگائیں اور نواز لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسترد کر دیں کیونکہ یہ پارٹیاں  ہی کراچی کی تباہی و بربادی اور اہل کراچی کی حق تلفی کی ذمہ دار ہیں ۔