توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کا 30نومبر تک بیان ریکارڈ کرنے کا حکم

307

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کا بیان 30 نومبر تک ریکارڈ کرنے کی ہدایت کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں جج محمد بشیر کے روبرو وکیل قاضی مصباح نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کا بیان تفتیش کے دوران ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالت نیب کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کرے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف کا موقف نیب ریکارڈ کرائے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواست پڑھنے کے لیے وقت دیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس میں حرج کیا ہے، نواز شریف کو بلا کر بیان ریکارڈ کرائیں۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں سوالنامہ دیں، ہم بیان دیں گے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کرائیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ گاڑی کیس میں نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے 30 نومبر تک بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔