ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن، کراچی سے ڈیڑھ ارب کی چینی اور دیگر غذائی اشیا برآمد

581

کراچی: ماڑی پور میں سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے ایک کارروائی کے دوران ڈیڑھ ارب روپے کی غذائی اجناس برآمد کرلیں، جنہیں بلوچستان کے راستے افغانستان اسمگل کیا جانا تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے اجناس کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے  اور ادارے غیر قانونی گوداموں میں چھپائے گئے اجناس کی برآمدگی کے لیے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ ٹیمیں آپریشنز کررہی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ماڑی پور کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 2 لاکھ سے زائد چینی و دیگر اجناس کی چھپائی گئی بوریاں برآمد کی گئی ہیں۔ مذکورہ اجناس غیر قانونی طور پر افغانستان اسمگل کیا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے ، پولیس اور ڈی سی کیماڑی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گودام سے ڈیڑھ ارب روپے مالیت کی چینی ، کالے اور سفید چنے کی 2 لاکھ  بوریاں برآمد کرلیں۔

ماڑی پور کے علاقے موچکو میں گودام پر چھاپہ مار کاروائی کی، جس کے دوران گودام سے چینی کی لاکھوں بوریاں برآمد کی گئی ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق برآمد کی گئی اشیاء کے مالیت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے۔ چھاپے کے دوران مکئی ،سفید اور کالے چنوں کی بوریاں بھی برآمد کی گئیں جو کہ ایک گودام میں محفوظ کرکے رکھی گئی تھیں۔

ڈی سی کیماڑی اور ان کی ٹیم نے کاروائی کے بعد گودام کو سیل کر دیا جب کہ چھاپا مار کارروائی میں گودام پر کام کرنے والے چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے گودام کے مالکان کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔