برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا، نواز شریف

448
demand

  لندن: مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے  کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ، لیکن پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا۔

نواز شریف نے کہا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے، بعض نقصانات زندگی میں پورے ہوجاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا،  پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہیے تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آج پاکستان کا یہ حشر کر دیا ہے، آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں؟

نواز شریف نے کہا کہ  قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہمارے سامنے ہیں،  ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا ہے، ملک وقوم کو اس حال کو پہنچانے والوں کا احتساب بھی ہوگا؟اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہمارے دور میں ملک ایٹمی قوت بنا، ملک کو جوہری قوت بنانے والے شخص کو جلا وطن کیا جاتا ہے، جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور دہشت گردی کی عدالت سے 27 سال کی سزا سنائی جاتی ہے۔