لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملی تو زرداری سے کہوں گا میرے ہاتھ کھول دیں، بلاول

831
level playing field

اوکاڑہ:  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا میں بار بار گزارش کر رہا ہوں ہمیں الیکشن کی تاریخ دی جائے۔اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملا تو پھر آصف زرداری سے کہیں گے کہ میرے ہاتھ کھول دیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ن لیگ کو راجہ ریاض اور راجہ ریاض کو ن لیگ مبارک ہو، میں خود یوتھ ہوں اور یوتھ کے مسائل کو سمجھتا ہوں، اب فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہے، میاں نوازشریف کی واپسی کا ہمارا مطالبہ بہت پرانا ہے، جہاں تک پیپلزپارٹی کی بات ہے پیپلزپارٹی نے 2007ء میں بھی الیکشن لڑا، شہید بے نظیر بھٹو کو دفنا کر بھی الیکشن لڑا ہے اس لئے پیپلزپارٹی کو دیوار کے ساتھ نہیں لگایا جا سکتا۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ لیول پلئنگ فیلڈ پر ہمارے سی ای سی میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، لیول پلئنگ فیلڈ کے حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری کو اختیار دے دیا ہے، اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملا تو پھر آصف زرداری سے کہیں گے کہ میرے ہاتھ کھول دیں۔

بلاول بھٹو نے کہا الیکشن کمیشن سے کہتے ہیں فی الفورانتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، کچھ لوگ غلط فہمی میں ہیں اور کہتے ہیں پیپلزپارٹی پنجاب میں اب نہیں، پیپلزپارٹی اپنے منشور کو آگے لے کر چل رہی ہے، ہم قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا پیپلزپارٹی کو سازش کے تحت پنجاب سے نکالا گیا تھا، ہمارے کارکنوں کو زبردستی دوسری جماعتوں میں بھیجا گیا، عوام پریشان ہیں کہ بجلی کے بل کیسےدیں؟ بچوں کو سکول کیسے بھیجیں؟ اشرافیہ کوسبسڈی دینے کے بجائے چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دینی چاہئے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا، پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیرہے، عوام آج مشکل میں ہیں، مہنگائی کے سونامی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔