پہلا دورہ پاکستان، جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

347

کراچی:جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دورہ پاکستان کے لیے کراچی پہنچ گئی۔  

افریقی ٹیم دبئی کے راستے پرواز EK600 سے کراچی پہنچی، جس پر ان کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لیے صدر مملکت کا پروٹوکول دیا جارہا ہے، کراچی ائیرپورٹ ٹرمینل ون سے ٹیم کی قیام گاہ تک سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ 

ایس ایس یو کمانڈوز، رینجرز، پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی  ،ٹیم کو سخت ترین حفاظتی حصار میں مقامی ہوٹل پہنچایا جارہا ہے۔ 

جنوبی افریقا اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ 1، 3 اور 5 ستمبر کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔ 

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے کرکٹ میچ کھیلے گی، ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ 20 روزہ دورہ مکمل کرکے افریقی خواتین کرکٹرز 15 ستمبر کو وطن واپس روانہ ہوں گی۔