ایف آئی اے کی عمران خان سے اٹک جیل میں سائفر کیس سے متعلق تفتیش

276

اسلام آباد:سائفر کنٹینٹ ،آڈیو لیک و گمشدگی پر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمے  میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو باقاعدہ طور پر شامل تفتیش کرلیاگیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد تک سابق وزیراعظم سے تفتیش کی اور شاہ محمود قریشی کے انکشافات کے حوالے سے سوالات کیے۔ تفتیشی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے گمشدہ سائفر کی کاپی سے متعلق بھی دریافت کیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیم دوپہر سوا 2 بجے اٹک جیل آئی اور ساڑھے 3 بجے تک چیئرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات کیں، جس کے بعد ٹیم واپس اسلام آباد روانہ ہوگئی۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے سائفر کنٹینٹ و آڈیو لیک سمیت گمشدگی معاملے پر آفیشل سروس ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔

مقدمے میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ و وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی براہ راست نامزد ہیں۔کیس میں سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر اور سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے کردار کا تعین تفتیش میں کیے جانے کا عندیہ دیاگیا ہے۔