سڑکیں، انڈر پاس بنانا ریلوے کا کام نہیں، وزیراعظم سنگ بنیاد رکھے بغیر واپس

579

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے  سرینا چوک انڈر پاس کا ٹھیکہ ریلوے کی کمپنی کو دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکریٹری ریلوے کو کھری کھری سنادیں۔وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کی بریفنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو غصہ دلا دیا، وزیراعظم ٹھیکہ وزارت ریلوے کو دینے کا سن کر حیران رہ گئے، سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سنگ بنیاد منسوخ کردیا، نیا ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تو سی ڈی اے چیئرمین نے انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم غصے میں آگئے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ سرینا چوک انڈر پاس ریلوے کی کمپنی تعمیر کرے گی، جس پر وزیراعظم نے حیرانی کا اظہار کیا اور اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور ریلوے حکام کو جھاڑ پلادی۔ شہباز شریف نے پوچھا کہ ریلوے کا کیا کام کہ سڑکیں اور انڈر پاس بنائے، ریلوے کی اپنی کارکردگی سب کے سامنے ہے یہ ان کا کام نہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سیکریٹری ریلوے کو آگے کیا تو وزیراعظم نے انہیں بھی جھاڑ پلادی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وزارتوں کا کام کب سے ہوگیا کہ سڑکیں بنائیں۔ شہباز شریف نے سنگ بنیاد منسوخ کر دیا، منصوبے کا دوبارہ ٹینڈرز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیا ٹینڈر ہو تو اس کی روشنی میں بہترین کمپنی کا انتخاب کیا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔