وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کل یو اے ای روانہ ہوں گے

327
unofficial

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کل متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 30 جولائی کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دبئی میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک دن کے دورے کے بعد گزشتہ شب متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچے۔ جہاں انہوں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی اور ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔