پرویز الٰہی نے کیس کی جلد سماعت کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دیدی

252

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کیس کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔

عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو نگراں حکومت آتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ درخواست گزار کو مختلف مقدمات اور انکوائریوں میں جعلی طریقے سے ملوث کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے درخواست گزار کی 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔ کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیا اور درخواست گزار کو کسی بھی زیر التوا انکوائری میں سنے بغیر گرفتار کرنے سے روکا تھا جب کہ درخواست گزار تمام درج مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری حاصل کر چکا ہے۔

پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ درخواست گزار کے زندہ رہنے اور آزادی کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کا 17 جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔