الیکشن 2023ء میں ہونگے، رکاوٹ ڈالی گئی تو بھرپور مزاحمت ہوگی، سراج الحق

353

پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 2023ءعام انتخابات کا سال ہے اور اگر اس میں رکاوٹ ڈالی گئی توہر سطح پر اس کی بھرپورمزاحمت کی جائے گی ۔

تھیلے سیمیا مرکز الخدمت اسپتال پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ 2 خاندانوں کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ لندن، امریکا اور دبئی میں بیٹھ کر ملک وقوم کی تقدیر کا فیصلہ کریں ۔یہ حق ملک کی 23 کروڑ عوام کا ہے کہ وہ عام انتخابات میں ووٹ کی پرچی کے ذریعے فیصلہ کریں ۔اس موقع پر انہوں نے تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص چمکنی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مس منیجمنٹ کی وجہ سے عوام مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لندن , امریکا اور دبئی میں پاکستان کی عوام کے فیصلے کرنا ان کی توہین ہے۔  ہم دوخاندانوں کی بندربانٹ مستردکرتے ہیں۔یہ دوخاندان تو چارعشروں سے پاکستان میں حکومت کررہے ہیں اورمسائل کے ذمے داریہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے جماعت اسلامی پراعتمادکیا لیکن پیپلزپارٹی نے عوام کاحق چھین لیا،9 لاکھ والے ہارجاتے ہیں اور 3 لاکھ والے جیت جاتے ہیں۔یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہے،ہم کراچی میئرالیکشن کے خلاف عدالتوں میں جارہے ہیں۔ہمیں انصاف ملے گا، اگر یہی کچھ عام انتخابات میں کیاگیا تو کون انہیں تسلیم کرےگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے 22بارپہلے بھی قرضے دیے توکیامسائل حل ہوئے تو23ویں بارکیسے مسائل حل ہونگے؟َ۔یہ سودی نظام اور اپنے اخراجات کم کریں۔ امیر جماعت نے کہا کہ الیکٹ ایبلز سیاسی خانہ بدوش ہیں، جنہیں سب جانتے ہیں۔ہم عام ورکر کاخیرمقدم کریں گے۔ الیکٹیبلز کی سیاست سے ملک نہیں وہ ترقی کرتے ہیں،ہم نے کل بھی این آراوکی مخالفت کی اور آج بھی اس کے مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قران پاک کی توہین پر او آئی سی کی مذمت ناکافی ہے، اس کے خلاف عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت فوری طورپرسویڈن کابائیکاٹ اور اس کے سفیر کوملک بدرکرے۔عالم اسلام بھی ایساہی کرے۔سویڈن سے فوری طورپرسفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔معافی مانگی جائے توتعلقات بحال ہوں،یہ معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھانا چاہیے۔

امیر جماعت نے کہا کہ الخدمت تھیلے سیمیا کے متاثرہ بچوں کے لیے بے پناہ کام کررہاہے،اس وقت تھیلے سیمیا سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو اس وقت ملکی سطح پر 90 لاکھ ہے،الخدمت مرکز میں 500 بچے رجسٹرڈ ہیں جنھیں خون فراہم کیاجاتاہے،متاثرہ مریضوں کے بدن میں فولاد کی سطح کم رکھنے کابھی اہتمام ہے۔فی مریض20 ہزارکاخرچہ ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں 54 لاکھ معذور اور45لاکھ یتیم بچے ہیں جو سیاسی جھگڑوں میں نظرانداز ہوتے ہیں۔ پاکستان 70  برس میں ویلفیئر دبموٹ نہ بن سکا،یہاں معذوربچوں کو گینگ بھیک منگوانے لگوادیاجاتاہے۔ لاوارث ریاست میں ایسے لوگوں کے خلاف کوئی کادروائی نہیں ہوتی۔وسائل کی کوئی کمی نہیں کرپشن ختم اور ترجیحات درست کی جائیں تومسائل حل ہوسکتے ہیں۔