چین قومی استحکام کو برقرار رکھنے میں روس کی حمایت کرتا ہے، چینی وزارت خارجہ

431

بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین قومی استحکام کو برقرار رکھنے اور ترقی و خوشحالی کے حصول میں روس کی حمایت کرتا ہے۔

 اطلاعات کے مطابق ویگنر گروپ کے بانی یوگینی پریگوژن اور تمام ویگنر افواج نے روس کے جنوبی فوجی کمانڈ سینٹر کے ہیڈکوارٹرز سے انخلا کر لیا ہے۔

 پریگوژن نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی اس تجویز کو قبول کر لیا ہے کہ گروپ روس میں اپنا آپریشن روک دے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

 اطلاعات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پریگوژن بیلاروس جا سکتے ہیں اور روس ان کے خلاف فوجداری مقدمہ ختم کر دے گا۔

 میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ویگنر گروپ کا واقعہ روس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ روس کے دوست ہمسایہ اور نئے دور کے لئے کوآرڈینیشن کے جامع اسٹریٹجک شراکت دار  کی حیثیت سے چین قومی استحکام کو برقرار رکھنے اور ترقی و خوشحالی کے حصول میں روس کی حمایت کرتا ہے۔