آن لائن پاسپورٹ کی تجدید اور پروسیسنگ کاؤنٹرز کا آغاز

490
renewal

اسلام آباد: ملک میں ای پاسپورٹ، اندرون ملک آن لائن پاسپورٹ کی تجدید اور پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز کا آغازکردیا گیا. ای پاسپورٹ کی سہولت میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط جیسی جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات شامل ہیں، پاکستانی پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد کو تقویت ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم سب کے لئے خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ  پاکستان کی تکنیکی ترقی اور عوامی خدمات کے فراہمی میں اہم سنگ میل کا اعلان کیا جارہا ہے- ان علاقوں جہاں پاسپورٹ دفاتر کی سہولت میسر نہیں نادرا دفاتر میں 30 پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز (PPCs) کے قیام کے ساتھ ساتھ اندرون ملک پاسپورٹ کی آن لائن تجدید اور اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے،

ان کا کہنا تھا کہ آن لائن پاسپورٹ سسٹم کے ذریعے شہری پاسپورٹ دفاتر جائے بغیر  آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کروا سکیں گے-  ویب پورٹل کے ذریعے شہری  اپنی درخواستیں جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کر سکیں گے، اور اپنی درخواستوں کی پیشرفت کو ٹریک بھی کر سکیں گے۔

رانا ثنااللہ خان کا کہنا تھاکہ ہم ایک مضبوط اور قابل اعتماد پاسپورٹ سسٹم تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، یہ سسٹم بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتا ہے، اہم اپنے شہریوں کو محفوظ سفری دستاویزات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ای پاسپورٹ، اندرون ملک آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کا نظام اور پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز کا آغاز ہمارے شہریوں کو بااختیار اور ان کے سفر کو آسان بنائے گا اور ہماری قوم کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔