دنیا اور آخرت دونوں زندگیوں میں ان کے لیے بشارت ہی بشارت ہے اللہ کی باتیں بدل نہیں سکتیں یہی بڑی کامیابی ہے۔ اے نبیؐ، جو باتیں یہ لوگ تجھ پر بناتے ہیں وہ تجھے رنجیدہ نہ کریں، عزّت ساری کی ساری خدا کے اختیار میں ہے، اور وہ سب کچھ سنتا اور جانتا ہے۔ آگاہ رہو! آسمان کے بسنے والے ہوں یا زمین کے، سب سے سب اللہ کے مملوک ہیں اور جو لوگ اللہ کے سوا کچھ (اپنے خودساختہ) شریکوں کو پکار رہے ہیں وہ نِرے وہم و گمان کے پیرو ہیں اور محض قیاس آرائیاں کرتے ہیں۔ (سورۃ یونس:64تا66)
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت فرمائی ہے ان مردوں پر جو عورتوں کی مشابہت کرتے ہیں اور ان عورتوں پر جومردوں کی مشابہت کرتی ہیں۔ (بخاری، ابودائود، ترمذی)
تشریح: شریعت نے مرد وزن کے اس فطری فرق کو ملحوظ رکھتے ہوئے کچھ اصول متعین کیے ہیں جن میں سے ایک اصول یہ ہے کہ ایک جنس کو دوسری جنس سے متمیز رہنا چاہیے اسی لیے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک جنس کو دوسری جنس کی مشابہت سے سختی سے منع فرمایا ہے، جیسا کہ زیر بحث حدیث سے واضح ہوتا ہے۔ (مشکوٰۃ)