امارات: سرکاری ملازمین کو ہفتے میں صرف 4 دن کام کی حکومتی پیشکش

546

ابوظبی: اماراتی حکومت نے سرکاری ملازمین کو ہفتے میں صرف چار دن کام کرنے کے مشروط پیش کش کی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق امارات میں حکومت نے سرکاری ملازمین کو آئندہ ماہ یکم جولائی سے ایک ہفتے کے دوران صرف چار دن کام کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کو اس سہولت کے لیے درخواست دینا ہوگی۔

اماراتی متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ جو ملازمین ہفتے میں چار دن کام کی سہولت لینا چاہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان چار روز کے دوران کام کے  40 گھنٹے پورے کریں گے، تاہم ایک دن میں 10 گھنٹے سے زیادہ کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومت کی پیش کش کے مطابق سرکاری ملازمین کو ملک کے اندر یا باہر دونوں صورتوں میں ادارے یا کمپنی کی اجازت سے ریموٹ کام کی بھی اجازت ہوگی۔ محکمے کے مطابق یہ پیش کش مستقل اور عارضی دونوں طرح کے ملازمین کے لیے ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ملازم ہفتے کے باقی تین دن میں کسی دوسری جگہ پر کام کرنے کے اہل بھی ہوں گے، انہیں اس سلسلے میں کوئی قانونی پابندی نہیں ہوگی۔